4 مئی 2015 - 07:11
ایٹمی معاملہ، جان کیری کے بیان پر ایران کا ردعمل

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے ترجمان نے ایران کے ایٹمی معاملے کے بارے میں امریکی وزیر خارجہ کے حالیہ بیان کو واشنگٹن کے ناپاک ارادوں کا عکاس قرار دیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے ترجمان "سید حسین نقوی حسینی" نے اتوار کے روز ہمارے نمائندے سے بات چیت میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے بیانات امریکیوں کے ناپاک ارادوں کو ظاہر کرتے ہیں اور ایران کی مذاکراتی ٹیم کو ہوشیار رہنا چاہیے کہ وہ جامع سمجھوتے کے متن کی تیاری میں تمام باریکیوں اور مبہم نکات پر توجہ دے- انھوں نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے مختلف بیانات میں اس بات کی طرف اشارہ فرمایا ہے کہ اس دشمن پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا- ایک ایسا دشمن کہ جو ہر روز ملت ایران پر زیادہ دباؤ ڈالنے کے لیے نئے منصوبے پیش کرتا ہے- واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے حال ہی میں کہا ہے کہ ایران کے ساتھ سمجھوتہ دس یا پندرہ سال کا نہیں ہو گا اور ایران کی ایٹمی تنصیبات کا معائنہ ہمیشہ جاری رہے گا-

.......

/169